کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 اکتوبر 2018ء) کراچی سے دھابیجی ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا۔صدر مملکت عارف علوی نے کراچی میں لوکل ٹرین کا افتتاح کیا۔ صدر عارف علوی نے شیخ رشید کو ٹرین کا افتتاح کرنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا میں امید کرتا ہوں کہ ٹرین اپنے وقت پر چلے گی۔دھابیجی ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کو ایک سال میں خسارے سے نکال لیں گے۔
کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بہت مسئلہ ہے۔میری خواہش ہے کہ کراچی سے حیدرآباد تک ٹرین چلائیں۔حیدرآباد سے کراچی تک 3ٹرینیں چلائیں گے۔ دھابیجی ایکسپریس ٹرین کا کرایہ 70 روپے ہو گا۔وسائل کی کمی کے باوجود عوام کی خدمت میں مصروف ہیں،شیخ رشید نے اعلان کیا کہ کل کے دن کراچی کی اس لوکل ٹرین میں مفت سفر کیا جا سکے گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چین جا رہا ہوں۔
خیال رہے اس سے قبل ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی میں لوکل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ٹرین دھابیجی، لانڈھی اورکراچی کے درمیان ٹرین چلے گی ،۔ اگلے مرحلے میں کراچی حیدر آباد شٹل ٹرین ہوگی۔ انہوں نے بتایا ک ٹرین چلانیکا مقصد مزدوروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، مزدوروں کیلئے عمران خان کا کیا گیا وعدہ پورا ہوگیا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کے 60 دنوں میں چھٹی ٹرین ہے ،ْ100 دنوں میں 10 ٹرینیں چلانیکا وعدہ پورا کریں گے ،ْمیانوالی، لاہور اور سکھر ایکسپریس کے بعد سندھ کا رخ ہے۔وزیرریلوے نے کہا کہ ریلوے میں 10 ہزار لوگوں کو میرٹ پر نوکری دیں گے، ریلوے کا نعرہ ہے آرام حرام ہے، ہم ریلوے کا خسارہ ایک سال میں ختم کرکے دکھائیں گے