آسیہ بی بی کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ،  ملک بھر میں مشتعل مظاہرین احتجاج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم نومبر 2018ء) : آسیہ بی بی کیس سے متعلق سپریم کورٹ کےفیصلے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جہاں مظاہرین نے ٹائروں کے علاوہ موٹرسائیکلوں کو بھی نذر آتش کر دیا وہیں ملک کی اہم شاہراہوں بالخصوس لاہور کی ہائی ویز اور دیگر اہم شاہراہوں کوٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو گذشتہ روز سے ہی شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
امن و امان کی صورتحال بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر آج پنجاب بھر میں تعلیمی اداروں کے لیے عام تعطیل ہے جبکہ کئی دفاتر اور دکانیں بھی بند رکھی گئی ہیں۔یہی نہیں بلکہ لاہور میں انتظامیہ نے احتجاج کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں موبائل سروس معطل کر رکھی ہے۔
سوشل میڈیا پر احتجاج کی کئی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں پُر تشدد مظاہرین کو ٹائروں کو آگ لگاتے اور موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کرتے ہوئےدیکھا گیا۔
شہر بھر کی کئی اہم شاہراہوں سے دھوئیں کے کالے بادل بلند ہوتے ہوئے دیکھے گئے۔ لاہور کی ایک شاہراہ پر ہونے والے احتجاج کی کچھ جھلکیاں آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: