ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے 50 مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جان بچانے والی ادویات کو غیر معیاری قرار دے دی

جان بچانے والی ادویات غیر معیاری قرار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-11 نومبر 2018ء) : ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے متعدد مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کی اینٹی بائیو ٹک ادویات کو غیر معیاری قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں موجود ادویات کے معیار کی جانچ پڑتال کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ایک با اعتماد ادارہ ہے جو ادویات کی ٹیسٹنگ کے بعد انکے معیاری یا غیر معیاری ہونے کے بارے میں فیصلہ کرتا ہے۔
حال ہی میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے 50 مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جان بچانے والی اینٹی بائیوٹک ادویات کو غیر معیاری قرار دے دیا ۔ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری حکام نے چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب کو ایک تحریری خط میں آگاہ کیا گیا ہے کہ 50 کے قریب ادویات بنانے والی کمپنیوں کی 91 جان بچانے والی اینٹی بائیوٹک ادویات غیر معیاری نکلی ہیں۔
اس بارے میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے تاحال اس پرکوئی ایکشن نہیں لیا۔
خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ جن ادویات کے نمونے لئے گئے تھے اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے ان نمونوں کو غیر معیاری قرار دیا اس میں شامل بہت ساری کمپنیوں کی ادویات کے نام نہ صرف ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں بلکہ ایک جیسے بھی ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ان کے ملتے جلتے ناموں کو بار بار نہیں لکھا گیا ورنہ غیر معیاری ادویات کی تعداد مذکورہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔