اقبال ڈے پر سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 نومبر 2018ء) : یوم اقبال پر سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے سلسلے میں کل صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رہے گا۔ کسی اور صوبے کی جانب سے اب تک علامہ اقبال کی یوم پیدائش کے موقع پر چھٹی کا اعلان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ترجمان وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے 9 نومبر کو عام تعطیل کا کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا۔ 9 نومبر کو عام تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ دوسری جانب 9 نومبر کو عام تعطیل کی بحالی سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی گئی۔ قرارداد لیگی رکن نثار چیمہ نےپیش کی جس کی احسن اقبال نے مخالفت کر دی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایک روز کی چھٹی سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ حکومتی اراکین نے بھی اس قرارداد کی مخالفت کی۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس بھی یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کی گئی تھی۔ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے یوم اقبال کی چھٹی کی سمری مسترد کردی تھی۔
0 Comments